فیصل آباد پولیس نے انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے پولیس مقابلے میں زخمی ہونے والے ایک ملزم کی جان بچانے کے لیے خون کا عطیہ دے دیا۔ترجمان کے مطابق متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم راشد گزشتہ روز پولیس مقابلے میں زخمی ہوا تھا، جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں علاج کے دوران ڈاکٹرز نے فوری خون کی ضرورت ظاہر کی۔اس موقع پر ایس ایچ او پیپلز کالونی واجد حسین نے زخمی ملزم کو خون عطیہ کیا، جبکہ سب انسپکٹر جلیس الحسن نے بھی ملزم کی جان بچانے کے لیے خون کا عطیہ دیا۔ترجمان کے مطابق پولیس افسران نے ثابت کیا کہ “نفرت جرم سے ہے، انسان سے نہیں” اور انسانی جان بچانا ہر حال میں اولین ترجیح ہے۔سی پی او فیصل آباد کا کہنا ہے کہ فیصل آباد پولیس نہ صرف قانون پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنا رہی ہے بلکہ انسانی ہمدردی اور فلاحی اقدامات میں بھی پیش پیش ہے۔ انہوں نے پولیس افسران کے اس اقدام کو انسانیت کی بہترین مثال قرار دیا۔
13

