فیصل آباد: ( جاوید اختر ) ایجوکیٹرز پولیس پبلک سکول پولیس لائنز فیصل آباد میں پوزیشن ہولڈرز کی حوصلہ افزائی کے لیے تقریب منعقد ہوئی، جس میں آر پی او فیصل آباد انعام الرحمن ملک نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے دوران نمایاں تعلیمی کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔اس موقع پر آر پی او فیصل آباد انعام الرحمن ملک کا کہنا تھا کہ طلبہ کی معیاری تعلیم اور کردار سازی ہی روشن اور خوشحال مستقبل کی بنیاد ہے۔ پولیس افسران کے بچوں کی تعلیمی کامیابیاں والدین اور محکمہ پولیس کے لیے باعثِ فخر ہیں۔آر پی او نے کہا کہ طلبہ کو تعلیم کے ساتھ کردار سازی اور مثبت سرگرمیوں کی جانب بھی راغب کرنا ضروری ہے۔ طلبہ قرآن پاک کی تلاوت کے ساتھ اس کے ترجمے اور مفہوم کو سمجھنے کی عادت اپنائیں، کیونکہ قرآن پاک کی تعلیمات کو سمجھنا اور ان پر عمل کرنا اخلاقی و روحانی تربیت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔انعام الرحمن ملک کا مزید کہنا تھا کہ طلبہ میں مطالعۂ اخبار کی عادت کو فروغ دیا جائے تاکہ وہ ملکی و عالمی حالات سے باخبر رہیں، ان کی معلومات میں اضافہ ہو اور تنقیدی سوچ بہتر ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کے ساتھ عاجزی، انکساری اور دوسروں کا احترام بھی اپنانا چاہیے، کیونکہ حقیقی کامیابی صرف تعلیمی پوزیشن حاصل کرنے میں نہیں بلکہ اچھے اخلاق میں بھی ہے۔تقریب کے اختتام پر آر پی او فیصل آباد انعام الرحمن ملک نے بہترین کارکردگی پر سکول اساتذہ اور انتظامیہ میں تحائف تقسیم کیے، جبکہ سکول پرنسپل سمیرا الیاس نے انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی۔
19

