وزیر اعلیٰ مریم نواز جلد افتتاح کرینگی شہریوں کو سستی محفوظ ، آرام دہ اور تیز رفتار سفری سہولت فراہم کی جائے گی فیصل آباد (ارسلان اعوان ) ماحولیاتی آلودگی کم کرنے اور شہریوں کو جدید سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے فیصل آباد میں 30 الیکٹرک بسیں پہنچادی گئی ہیں ۔ یہ بسیں سات روٹس پر چلائی جائیں گی جن کے لیے غلام محمد آباد، سرگودھا روڈ اور گٹ والا روڈ پر ڈپو قائم کیے جائیں گے۔ ابتدائی طور پر 30 بسیں فیصل آباد پہنچ چکی ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف آئندہ چند روز میں الیکٹرک بس سروس کا با قاعدہ افتتاح کریں گی ۔ منصوبے کے تحت شہریوں کو سستی محفوظ ، آرام دہ اور تیز رفتار سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔ الیکٹرک بس سروس کے آغاز سے نہ صرف پبلک ٹرانسپورٹ کے معیار میں بہتری آئے گی بلکہ ایندھن کے اخراجات میں نمایاں کمی اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ بھی ملے گا۔ یہ منصوبہ حکومت پنجاب کے ” گرین انیشی ایٹو ” کا اہم حصہ ہے جس کے ذریعے فیصل آباد میں ٹریفک دباؤ کم کرنے اور فضائی آلودگی میں کمی لانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ الیکٹرک بس سروس سے طالب علموں سمیت عام مسافروں کو براہ راست سفری سہولت حاصل ہوگی اور یہ اقدام شہری بہبود و ماحول کے تحفظ کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا
146

