ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام فیصل آباد میں فائر فائٹرز کا عالمی دن جوش و خروش سے منایا گیا۔اس سلسلے میں جی ٹی ایس چوک فیصل آباد میں ایک ریلی نکالی گئی جس میں ریسکیو افسران، اسٹاف، میڈیا نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں، سنٹرل ریسکیو اسٹیشن پر شہداء فائر فائٹرز کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے سلامی اور اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر تمام ریسکیورز اور رضاکاروں نے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے کہا کہ فائر فائٹرز بغیر کسی خوف کے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بناتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد ان فائر فائٹرز کو سلام پیش کرنا ہے جنہوں نے دوسروں کی جان و مال کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں۔
انہوں نے کہا کہ فائر فائٹرز نہ صرف ہنگامی حالات میں عوام کی مدد کرتے ہیں بلکہ بعض اوقات اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے دوسروں کو محفوظ بناتے ہیں۔انہوں نے فائر فائٹرز کو قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی بدولت عوام میں یہ اعتماد پیدا ہوتا ہے کہ کوئی بھی ناگہانی صورتحال پیش آئے تو ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز ہمہ وقت مدد کے لیے موجود ہیں۔تقریب کے اختتام پر انہوں نے بلند منزلہ عمارتوں کے مالکان سے اپیل کی کہ وہ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ فائر سیفٹی قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ قیمتی جانوں اور املاک کو آگ جیسے خطرناک حادثات سے بچایا جا سکے۔

