موٹروے پولیس کی جانب سے روڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہی مہم جاری ہے۔
آئی جی بی اے ناصر کے وژن اور ڈی آئی جی موٹروے دار علی خٹک کی ہدایات کی روشنی میں ایم فور سیکٹر ون کے تحت فیصل آباد میں ڈرائیورز اور مسافروں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اسی سلسلے میں ڈائیوو بس ٹرمینل فیصل آباد پر روڈ سیفٹی یونٹ کی جانب سے ایک اہم آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
موٹروے پولیس کے روڈ سیفٹی یونٹ کی جانب سے فیصل آباد میں ڈائیوو بس ٹرمینل پر منعقدہ سیشن میں ڈرائیورز کو ایمرجنسی دروازوں کے درست استعمال کے حوالے سے عملی بریفنگ دی گئی۔
سیشن کے دوران انچارج روڈ سیفٹی محمد عثمان شبیر نے بتایا کہ ہر ڈرائیور اور بس کا عملہ روانگی سے پہلے مسافروں کو ایمرجنسی راستوں سے متعلق لازمی آگاہ کرے۔
حکام کے مطابق حادثات کی بڑی وجہ ڈرائیونگ کے دوران نیند یا غنودگی ہوتی ہے۔ اس خطرے سے بچنے کے لیے ڈرائیورز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سفر کے دوران وقفہ کریں اور ریسٹ ایریاز میں بھاری کھانوں کے بجائے چائے یا کافی کا استعمال کریں۔
مزید کہا گیا ہے کہ ہر بس میں اینٹی ڈوزنگ ڈیوائس کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ڈرائیور غنودگی کا شکار نہ ہوں اور قیمتی جانوں کا تحفظ کیا جا سکے۔
موٹروے پولیس نے واضح کیا ہے کہ وہ مسافروں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے

