فیصل آباد پولیس لائن میں برآمد شدہ مال کی ریکوری کے سلسلے میں ایک اہم پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ پریس کانفرنس میں ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد سہیل اختر سکیھرا، سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر، ایس ایس پی آپریشنز فرقان بلال، ایس ایس پی انویسٹی گیشن سلیم اللہ کلاچی، ٹاؤن ایس پیز اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر نے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران فیصل آباد پولیس نے جرائم کی روک تھام اور انسداد کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جرائم میں کمی بہترین قیادت، مؤثر حکمت عملی اور ٹیم ورک کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی پوائنٹس، ہاٹ اسپاٹ ایریاز میں مؤثر گشت، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور آن لائن مانیٹرنگ سسٹم متعارف کروایا گیا ہے تاکہ کار چوری اور دیگر وارداتوں کی روک تھام کی جا سکے۔ تھانہ جات کے ساتھ ڈولفن فورس، ایلیٹ فورس، ڈی آئی بی اور دیگر شعبہ جات بھرپور انداز میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔
سی پی او کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران مختلف گینگز کے ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں مسروقہ مال برآمد کیا گیا، جس میں سے آج 19 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ریکوری اصل مالکان کے حوالے کی جا رہی ہے جبکہ باقی مالکان کو متعلقہ تھانوں سے ریکوری فراہم کی جائے گی۔
ریکوری کی تفصیل کے مطابق 11 کروڑ روپے سے زائد نقدی، 6 کاریں مالیت تقریباً 2.5 کروڑ روپے، 271 موٹر سائیکلیں مالیت 2 کروڑ روپے سے زائد، زیورات و دیگر اشیاء مالیت 2 کروڑ روپے سے زائد، 122 موبائل فونز مالیت 42 لاکھ روپے سے زائد، دیگر گاڑیاں مالیت تقریباً 20 لاکھ روپے اور 6 رکشے مالیت 15 لاکھ روپے سے زائد شامل ہیں۔
اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد سہیل اختر سکیھرا نے فیصل آباد پولیس کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی پی او فیصل آباد کی بہترین قیادت میں پولیس نے یہ نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مؤثر ٹیم ورک کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ بہت جلد فیصل آباد کو منشیات سے پاک کر کے نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنایا جائے گا۔
ریجنل پولیس آفیسر نے کہا کہ مسروقہ مال اصل مالکان کے حوالے کرنا خوش آئند اقدام ہے اور آئندہ بھی جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی بالادستی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر گشت، ایلیٹ اور ڈولفن فورس کے آپریشنز، تھانہ، سرکل اور ٹاؤن کی سطح پر سخت مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے تاکہ فیصل آباد کو کرائم فری سٹی بنایا جا سکے۔
آخر میں سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد نے کہا کہ پولیس کا ہر جوان بہادری کے ساتھ جرائم کا مقابلہ کر رہا ہے اور شہریوں کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، تاہم اس مقصد کے لیے عوامی تعاون ناگزیر ہے۔

