خبر:
فیصل آباد میں ون ویلنگ کے خلاف ٹریفک پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ون ویلر گینگ کے سرغنہ احمد چیمپئن کو گرفتار کر لیا۔ ٹریفک وارڈن عاکف رحمان نے ملزم کو مرضی پورہ چوک سے حراست میں لے کر اس کی موٹرسائیکل بھی قبضے میں لے لی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کو موٹرسائیکل سمیت تھانہ رضا آباد منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم احمد چیمپئن فیصل آباد سمیت مختلف شہروں میں ون ویلنگ کی سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث رہا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کچھ عرصہ قبل کینال روڈ پر ون ویلنگ کرتے ہوئے موٹرسائیکل سے گر کر زخمی بھی ہو گیا تھا۔ ٹریفک پولیس نے ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

