فیصل آباد کے کوہ نور پلازہ میں کرائے اور ٹیکس کے تنازع پر سیلز گرل مبرا کو تشدد کا نشانہ بنانے کا معاملہ شدت اختیار کر گیا، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے پر پولیس نے ملزم حامد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا، تھانے میں ملزم کو دیکھتے ہی متاثرہ لڑکی نے بھی اسے تھپڑ مار دیے، مقدمے میں خاتون کی عزت مجروح کرنے، جنسی ہراسانی اور حملے سے متعلق دفعات شامل کر دی گئیں۔
یصل آباد کے کوہ نور پلازہ میں گارمنٹس شاپ کی سیلز گرل پر تشدد کے واقعے نے شہریوں میں تشویش پیدا کر دی۔ پولیس کے مطابق ملزم حامد کرایہ لینے دکان پر گیا، جہاں دکاندار کی عدم موجودگی اور کرائے و ٹیکس کے معاملات پر تلخ کلامی کے بعد اس نے سیلز گرل مبرا کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی، جس میں ملزم کو سیلز گرل کو تھپڑ مارتے اور دھکا دیتے دیکھا جا سکتا ہے، دھکے کے باعث خاتون فرش پر گر گئی جبکہ ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ فوٹیج سامنے آنے کے بعد مدینہ ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم حامد کو گرفتار کر لیا۔
ملزم کو تھانہ مدینہ ٹاؤن منتقل کیا گیا تو متاثرہ سیلز گرل مبرا نے بھی غصے میں آ کر ملزم کو تھپڑ مار دیے۔ دوسری جانب متاثرہ خاتون کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مبرا کے مطابق ملزم نے کرایہ ادا کرنے کے باوجود ٹیکس معاملات پر بحث شروع کر دی اور اسے اندھی اور گندی عورت جیسے نازیبا الفاظ کہے۔ متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ نازیبا گفتگو سے منع کرنے پر ملزم نے اسے تھپڑ مارے، جس کے باعث اسے ذہنی اذیت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں خاتون کی عزت مجروح کرنے، جنسی ہراسانی اور حملے سے متعلق دفعات شامل کی گئی ہیں۔ متاثرہ خاتون نے حکام سے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی اور اپنے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے

