منڈی بہاؤالدین میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کی ٹیم نے ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پبلک پلیس پر اسلحہ کی نمائش اور فائرنگ کرنے پر معروف ٹک ٹاکر بلال مارتھ کو گرفتار کرلیا۔ اطلاعات کے مطابق سی سی ڈی منڈی بہاؤالدین نے کرسٹل میرج ہال پھالیہ روڈ پر جاری ایک شادی کی تقریب میں اچانک چھاپہ مار کر ٹک ٹاکر بلال مارتھ اور ان کے متعدد مسلح ساتھیوں کو گرفتار کیا، ملزمان پبلک پلیس پر جدید خودکار اسلحہ کی نمائش اور قانون کی دھجیاں اڑانے میں مصروف تھے۔
بتایا گیا ہے کہ یہ کارروائی 6 جون 2026ء کی رات بوقت 9 بج کر 10 منٹ پر عمل میں لائی گئی، سی سی ڈی منڈی بہاؤالدین کے سب انسپکٹر رضا الٰہی بٹ کی سربراہی میں پولیس کی ایک بھاری نفری نے کرسٹل میرج ہال کو اس وقت گھیرے میں لیا جب وہاں ولیمہ کی تقریب جاری تھی اور ملزمان سرِعام اسلحہ لہرا رہے تھے، پولیس نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔
معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان میں بلال اشرف عرف بلال مارتھ ولد محمد اشرف، ساکن کٹھیالہ شیخاں، ضلع منڈی بہاؤالدین، عدیل محمود ولد خالد محمود ساکن رائے پور، عادل محمود ولد خالد محمود ساکن رائے پور، پرویز ولد غلام رسول ساکن تلہ گنگ، شعیب احمد ولد مشتاق احمد ساکن اسلام آباد، عباس خان ولد حبیب خان ساکن سدھ ملوک، تحصیل چواں سیدن شاہ، بلال ولادت ولد محمد بلال ساکن منڈی بہاؤالدین شامل ہیں۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے سیکیورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں جدید اور خودکار اسلحہ برآمد کیا، ملزمان سے برآمد ہونے والے اسلحہ میں ٹک ٹاکر بلال مارتھ کے قبضے سے ایک کلاشنکوف (رائفل 222) بمعہ میگزین اور 12 عدد کارتوس برآمد ہوئے، وہ موقع پر پولیس کو اس کا کوئی قانونی لائسنس یا پرمٹ پیش نہیں کرسکے، پوچھ گچھ پر ملزم نے جھوٹا دعویٰ کیا کہ یہ اسلحہ ایک پرائیویٹ سکیورٹی کمپنی کا ہے، تاہم کمپنی کا کوئی اجازت نامہ یا دستاویز موجود نہ تھی۔
ایف آئی آر کے متن سے معلوم ہوا ہے کہ دیگر ملزمان میں شامل ملزم عدیل محمود سے ایک کلاشنکوف بمعہ 11 کارتوس، ملزم پرویز سے پسٹل 30 بور بمعہ 5 کارتو س، ملزم شعیب احمد سے پسٹل 9 ایم ایم بمعہ 7 کارتو س، ملزم عباس خان سے کلاشنکوف بمعہ 10 کارتوس، اور ملزم بلال ولادت سے پسٹل 30 بور بمعہ 7 کارتوس برآمد کیے گئے، پولیس ریکارڈ میں ملزم عادل محمود پہلے بھی سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات میں ملوث پایا گیا اور وہ ان ملزمان کو اسلحہ کی نمائش اور بدمعاشی کے لیے شہہ دے رہا تھا۔
بتایا جارہا ہے کہ تھانہ سی سی ڈی منڈی بہاؤالدین نے سب انسپکٹر رضا الٰہی بٹ کی مدعیت میں تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 26/26 درج کرلیا، ملزمان پر تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 341 (ناجائز راستہ روکنا/تنگ کرنا) اور 109 (جرم کی اعانت) کے ساتھ ساتھ پنجاب آرمز امینڈمنٹ آرڈیننس 2015ء کی دیگر سخت دفعات کے تحت چارج شیٹ تیار کی گئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر سستا فیم پانے اور علاقے میں دہشت و خوف پھیلانے کے لیے اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی اور ملزمان کو عدالت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔
1

