فیصل آباد میں ارشد ٹاؤن کے قریب سی سی ڈی اور بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کے درمیان مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں گینگ کا سرغنہ وقاص ڈان ہلاک جبکہ دو ملزمان فرار ہو گئے۔ سی سی ڈی کے مطابق ہلاک ملزم پنجاب کے مختلف اضلاع میں 100 مقدمات میں مطلوب تھا۔فیصل آباد: ارشد ٹاؤن کے قریب ٹائیلاں والے قبرستان میں چھپے بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کے ملزمان اور سی سی ڈی کے درمیان مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں گینگ کا سرغنہ وقاص ڈان ہلاک جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
سی سی ڈی کے مطابق تین ملزمان مبینہ طور پر واردات کی نیت سے قبرستان میں چھپے ہوئے تھے۔ ہلاک ہونے والا ملزم وقاص ڈان جھنگ کا رہائشی تھا اور پنجاب کے مختلف تھانوں میں ڈکیتی، راہزنی، اقدام قتل اور پولیس مقابلوں سمیت تقریباً 100 مقدمات میں ملوث تھا۔
سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم گوجرانوالہ، سیالکوٹ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ اور سرگودھا پولیس کو بھی مطلوب تھا۔ ملزم مبینہ طور پر فیکٹریوں میں بھی لوٹ مار کی وارداتیں کرتا تھا۔ ہلاک ملزم کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی جبکہ فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
13

