فیصل آباد: کشمیر پل پر بزرگ خاتون سے ساڑھے چار لاکھ روپے کی مبینہ ڈکیتی، مقدمہ درج ہونے کے باوجود ملزمان گرفتار نہ ہو سکے
فیصل آباد کی مصروف ترین کنال روڈ پر مبینہ رکشہ گینگ کی واردات، کشمیر پل پر بزرگ خاتون سے ساڑھے چار لاکھ روپے لوٹ لیے گئے، پولیس نے مقدمہ تو درج کر لیا تاہم تاحال ملزمان گرفتار نہ ہو سکے، جبکہ متعلقہ مقام پر سیف سٹی کیمرہ نصب نہ ہونے کا انکشاف بھی سامنے آ گیا۔فیصل آباد میں مبینہ رکشہ گینگ کی وارداتوں نے شہریوں میں خوف و تشویش پیدا کر دی۔ کنال روڈ کشمیر پل پر بزرگ خاتون کو مبینہ طور پر لوٹنے کا واقعہ پیش آیا، جہاں رکشے میں سوار ڈرائیور اور دو خواتین نے مبینہ طور پر تیز دھار آلے کی مدد سے خاتون کا پرس کاٹ کر ساڑھے چار لاکھ روپے نکال لیے۔ واردات کے دوران بزرگ خاتون سے مبینہ طور پر مارپیٹ بھی کی گئی، جس کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔واقعے کا مقدمہ پولیس نے درج کر لیا ہے، تاہم مقدمہ درج ہونے کے باوجود تاحال نہ تو ملزمان گرفتار ہو سکے ہیں اور نہ ہی کوئی نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ملزمان کی عدم گرفتاری پر شہریوں نے پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے سی پی او اور آر پی او فیصل آباد سے فوری نوٹس لینے اور ملزمان کو گرفتار کرکے رقم برآمد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب سیف سٹی حکام کے مطابق کشمیر پل کے متعلقہ مقام پر نگرانی کے لیے کیمرہ نصب نہیں، جس کے باعث شہر کی مصروف ترین شاہراہ پر سکیورٹی اور نگرانی کے انتظامات بھی سوالیہ نشان بن گئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر مصروف شاہراہوں پر بھی سیف سٹی کیمروں کی سہولت موجود نہیں تو جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی اور گرفتاری کیسے ممکن ہو گی؟ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کنال روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب یقینی بنائی جائے اور واردات میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔
21

