پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ وہ اپنی زندگی کے موجودہ مرحلے سے بھرپور لطف اندوز ہو رہی ہیں اور انہیں اس بات کی کوئی فکر نہیں کہ مستقبل میں ہیروئن کے مرکزی کردار ملنا کم ہو جائیں گے۔
دبئی میں منعقدہ ایک ادبی و ثقافتی تقریب کے دوران خصوصی نشست ’’کہانی سے کردار تک‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان نے شہرت، کامیابی اور اپنے فنی سفر سے متعلق کھل کر اظہارِ خیال کیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں کامیابی اور مداحوں کی محبت بے حد عزیز ہے اور وہ اپنے چاہنے والوں کے ساتھ تعلق کو بہت اہمیت دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی محبت انہیں خوشی دیتی ہے، تاہم وہ اس حقیقت سے بھی آگاہ ہیں کہ شہرت اور کامیابی ہمیشہ ایک جیسی نہیں رہتیں، اسی لیے ان کی تمام تر توجہ اپنے کام اور فن پر مرکوز رہتی ہے۔
ماہرہ خان نے اعتماد کے ساتھ کہا کہ وہ اپنی موجودہ عمر اور زندگی کے اس مرحلے سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔ ان کے مطابق وہ وقت جب روایتی ہیروئن کے کردار کم ہو جائیں گے، شاید زیادہ دور نہیں، لیکن انہیں اس بات پر کوئی پریشانی نہیں بلکہ وہ اس تبدیلی کو خوش دلی سے قبول کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے فلم سازوں اور ہدایت کاروں سے درخواست بھی کی کہ انہیں صرف روایتی ہیروئن کے کرداروں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ مختلف اور منفرد کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنی اداکاری کی مزید جہتیں ناظرین کے سامنے لا سکیں۔
5

