تحصیل شبقدر سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی صدر سٹی پریس کلب شبقدر اور نمائندہ HUM NEWS TV او روزنامہ کسوٹی پشاور، فراد اللہ کو بعض نامعلوم عناصر کی جانب سے موصول ہونے والے دھمکی آمیز پیغامات نہ صرف قابلِ مذمت ہیں بلکہ یہ عمل آئینِ پاکستان اور مروجہ قوانین کی صریح خلاف ورزی بھی ہے۔
پاکستان پروفیشنل یونین آف جرنلسٹس (PPUJ) کی جانب سے جاری کردہ مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ صحافی فراد اللہ کو دی جانے والی دھمکیاں آزادیِ صحافت پر کھلا حملہ اور ایک سنگین جرم ہیں، جنہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ بیان میں کہا گیا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور آواز ہوتے ہیں، اور انہیں ہراساں کرنا دراصل سچ کو دبانے کی کوشش ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 19 ہر شہری کو آزادیِ اظہارِ رائے کا حق دیتا ہے، جبکہ صحافی اس حق کے محافظ ہوتے ہیں۔ صحافیوں کو دھمکیاں دینا ان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ پاکستان پینل کوڈ (PPC) کی دفعات 503 اور 506 کے تحت قابلِ سزا جرم ہے۔
پاکستان پروفیشنل یونین آف جرنلسٹس نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جائے اور 24 گھنٹوں کے اندر ملوث عناصر کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ ساتھ ہی متاثرہ صحافی کو فوری سیکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
پی پی یو جے نے واضح کیا کہ صحافیوں کا تحفظ ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر صحافیوں کو تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو صحافی برادری ملک بھر میں احتجاج سمیت دیگر جمہوری اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوگی۔
HUM FM90 NEWS
FAISALABAD
03126508888
31
previous post

