پاک چین وزرائے خارجہ ساتویں اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، چینی وزیر خارجہ کی دعوت پراسحاق ڈار نے چین کا سرکاری دورہ کیا۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار اورچینی ہم منصب نے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کی، اعلامیے کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان وسیع تر شعبہ جات میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسٹریٹجک اور سیاسی تعاون کے ساتھ ساتھ دفاع اور سلامتی سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔ فریقین نے معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
مشترکہ اعلامیے میں ثقافتی روابط، عوامی سطح پر روابط کے فروغ اور بین الاقوامی و علاقائی امور پر بھی گفتگو کی گئی، دونوں ممالک نے اسٹریٹجک رابطوں کو مضبوط بنانے، مشترکہ مفادات کے تحفظ اور معاشی و سماجی ترقی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان اور چین نے خطے سمیت دنیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ پر اتفاق کیا، فریقین نے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر یادگاری سرگرمیوں کے آغاز کا بھی اعلان کیا۔مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ چین اور پاکستان موسموں سے بے نیاز اسٹریٹجک شراکت دار ہیں اور پاک چین تعلقات فولاد کی مانند مضبوط دوستی اور اسٹریٹجک باہمی اعتماد پر مبنی ہیں، اس موقع پر پاکستان کی جانب سے چین کو 14ویں پانچ سالہ منصوبے کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد بھی دی گئی

